0
Sunday 5 May 2024 18:53

اسلام آباد پر حملے کی دھمکی دینے والے کا حشر 9 مئی والوں جیسا ہوگا، شرجیل میمن

اسلام آباد پر حملے کی دھمکی دینے والے کا حشر 9 مئی والوں جیسا ہوگا، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے گزشتہ برس مئی میں پیش آنے والے واقعات کو تاریخ کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کو دہشتگردی کرنے والوں کا جو حشر ہوا ہے، وہی اسلام آباد پر حملے کی دھمکی دینے والے کا بھی ہوگا۔ کراچی میں صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین اور بدترین دن ہے، اس دن عوام کو جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دیکر انتشار پھیلایا گیا، پی ٹی آئی نے 9 مئی کو عوام کو ورغلایا کہ سڑکوں پر آئیں اور املاک کو نقصان پہنچائیں، بسوں کو نذر آتش کیا گیا، ایمبولنسز کو آگ لگائی گئی، یہاں تک کہ جناح ہاؤس جیسی جگہ کو بھی نہیں بخشا گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ 9 مئی کو دہشتگردی کا مظاہرہ کیا گیا، عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ جو بھی لیڈر جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دے یا جو بھی جماعت اقتدار کی ہوس میں نوجوانوں کو گمراہ کرے، اس کی بات نہیں سننی چاہیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو معصوم بچوں اور بہنوں کو عمران خان نے استعمال کیا، جن لوگوں کو عمران خان نے 9 مئی کو استعمال کیا، وہ سارے جیلوں میں ہیں، جبکہ عمران خان کے اپنے بچے لندن میں ٹھنڈی ہواؤں میں گھوم رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو حشر 9 مئی کرنے والوں کا ہوا، اسلام آباد پر حملے کی دھمکیوں والے کا بھی وہی حشر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1132990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش