0
Saturday 4 May 2024 10:50

عالمی سطح پر مودی کا گھناؤنا کردار اب بے نقاب ہو چکا ہے، بیرسٹر سلطان

عالمی سطح پر مودی کا گھناؤنا کردار اب بے نقاب ہو چکا ہے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اوورسیز کمیونٹی نے بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے، بین الاقوامی سطح پر آج مسئلہ کشمیر اگر زندہ ہے تو اس میں اوورسیز کمیونٹی کی طویل جدوجہد کا اہم رول ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم میں آئے روز شدت آتی رہتی ہے، بھارتی وزیراعظم مودی اب عام انتخابات جیتنے کے لیے کشمیر ایشو کا کارڈ کھیلے گا، ہندو ازم کو ہوا دینے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے بازار کو مزید گرم کیا جائے گا تاکہ عام انتخابات میں ہندوؤں کی ہمدردیاں حاصل کی جا سکیں اس نازک ترین صورتحال پر ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم کشمیر ایشو کو ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کر کے مودی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں، عالمی سطح پر مودی کا گھناؤنا کردار اب بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اوورسیز کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں اعزازی صدارتی مشیر برائے کشمیر افیرز چوہدری فاروق احمد، ضیا گورسی چوہدری، شیراز فاروق، قیوم صابری، ایڈووکیٹ ظہیر احمد اور ساجد علی چوہدری شامل تھے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو وفد نے برطانیہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وفد کی دعوت قبول کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وہ جلد برطانیہ کا دورہ کریں گے۔ صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اس کردار میں برطانیہ میں مقیم اوورسیز کمیونٹی کا بڑا اہم حصہ ہے، میں نے ماضی میں جس وقت کشمیر کاز کے لیے احتجاجی مظاہرہ کی کال دی یا ملین مارچ کا اعلان کیا برطانیہ میں مقیم اوورسیز کمیونٹی نے اس پر ہمیشہ لبیک کہا اور اس میں بھرپور حصہ لیا ہم مستقبل میں بھی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1132752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش