0
Tuesday 23 Feb 2021 18:44

سینیٹ الیکشن میں انسانوں کی بولیاں لگنا پوری قوم کیلئے شرمناک ہے، خرم نواز گنڈاپور

سینیٹ الیکشن میں انسانوں کی بولیاں لگنا پوری قوم کیلئے شرمناک ہے، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے ملتان میں صوبائی صدر میاں نور احمد سہو، سردار شاکر مزاری، سید الطاف شاہ گیلانی، ملک شوکت ڈوگر، راو محمد عارف رضوی اور مخدوم شہباز ہاشمی کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں یا تو جانوروں کی بولیاں لگتی ہیں یا پھر غلاموں کی، مگر پاکستان واحد ملک ہے جہاں ممبران پارلیمنٹ کی بولیاں لگتی ہیں، جو پوری قوم کیلئے شرمناک ہے۔ یہ سب موجودہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کا شاخسانہ ہے، جسے تبدیل کئے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، منہاج القرآن نظام المدارس کے ذریعے دینی مدارس کے طلباء کو جدید اور قدیم علوم سے آراستہ کرنا چاہتی ہے۔ نظام المدارس کے قیام سے مذہبی تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا ہوگا۔

13 مارچ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عظیم الشان علماء و مشائخ کانفرنس میں نظام المدارس کا افتتاح کریں گے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے تبدیلی کو مذاق بنا دیا، سزا یافتہ مجرم اور کرپشن کے بادشاہ کو پروٹوکول کے ساتھ بیرون ملک بھیجنے والے بھی قوم کو جوابدہ ہیں۔ قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ماڈل ٹاون میں خون کی ہولی کھیلی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا۔ قاتلوں نے سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث پولیس افسران کو ترقی دے کر دوسرے صوبوں میں بھیج دیا، ہم انصاف کیلئے بھرپور قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور انصاف حاصل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو حقوق دلانے کیلئے عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا، یہاں کے عوام سیکرٹریٹ کا لولی پاپ قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں، کیونکہ سیکرٹریٹ کبھی بھی صوبے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اس خطے کے پارلیمٹیرین ہیں، جو ووٹ تو اس خطے سے لیتے ہیں مگر وفاداری اپنے سیاسی آقاوں سے نبھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گی۔
خبر کا کوڈ : 917951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش