QR CodeQR Code

کشمیر میں مذہبی مقام کو بلڈوزر سے منہدم کرنے کی کوشش، مزاحمت کے دوران پانچ افراد زخمی

29 Jun 2024 19:59

مقامی باشندوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے بلڈوزر کی مدد سے (زیر تعمیر) مسجد شریف کو منہدم کرنے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج کیا۔


اسلام ٹائمز۔ آج صوبہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں جموں کشمیر پولیس اور ضلع انتظامیہ نے مبینہ طور ایک مذہبی مقام کو منہدم کرنے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں نے اس کی شدید مزاحمت کی۔ انتظامیہ کی کارروائی کے خلاف مقامی باشندوں نے احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ایک مسجد کو مبینہ طور پر منہدم کرنے کی کارروائی کے خلاف مقامی لوگوں نے سخت مزاحمت کی جبکہ اس دوران احتجاجیوں کی دھکم پیل میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ کٹھوعہ تحصیل سے ملحق کلیان پور پدری علاقے میں پیش آیا۔ حکام نے بتایا کہ انہدامی کاروائی کو روکنے کے لئے مقامی لوگوں نے سخت مزاحمت کی۔ حکام نے احتجاجیوں کی جانب سے پولیس پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جس کے باعث ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سمیت نصف درجن کے قریب پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

بتایا جارہا ہے کہ پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ زخمی ہوئے پولیس اہلکاروں کو علاج و معالجہ کے لئے ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ حالات پر نظر گزر رکھی جا رہی ہے جبکہ علاقے میں مزید پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق آج صبح پولیس اور انتظامیہ کی ایک ٹیم کٹھوعہ تحصیل سے ملحقہ علاقہ کلیان پور پدری میں، مبینہ طور، سرکاری اراضی پر ہو رہی غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کے لئے علاقے پہنچی اور اس دوران کچھ لوگوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے بلڈوزر کی مدد سے (زیر تعمیر) مسجد شریف کو منہدم کرنے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج کیا۔


خبر کا کوڈ: 1144630

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1144630/کشمیر-میں-مذہبی-مقام-کو-بلڈوزر-سے-منہدم-کرنے-کی-کوشش-مزاحمت-کے-دوران-پانچ-افراد-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org