QR CodeQR Code

حکومت نلتر میں مخلوط میوزیکل پروگرام پر فوری پابندی عائد کرے، مولانا عبد السمیع

28 Jun 2024 20:23

جماعت اسلامی جی بی و آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ آج غزہ فلسطین میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے، اب تک چالیس ہزار سے زائد مسلمان شہید ہو چکے ہیں، انکی حمایت میں پروگرام کرنے کے بجائے مغربی ممالک سے مختلف ناموں سے پیسے لاکر مختلف این جی اوز ہمارے کلچر کو برباد کرنے پہ تلی ہوئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت نلتر میں منعقدہ مخلوط میوزیکل پروگرام کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، حکومت گلگت بلتستان اور ضلعی انتظامیہ ایسے پروگرامز پر پاپندی عائد کرے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبد السمیع ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان نے آج وحدت کالونی جوٹیال کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 تا 7 جولائی نلتر میں نارتھ ویو نامی تنظیم نے میوزیکل پروگرام رکھا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان بابرکت ایام میں ایسے بے ہودہ اور مخلوط پروگرام کے انعقاد سے فحاشی اور عریانی کو فروغ ملے گا اور بالخصوص نوجوان بے راہ روی کا شکار ہونگے۔

 
ان کا کہنا تھا کہ آج غزہ فلسطین میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے، اب تک چالیس ہزار سے زائد مسلمان شہید ہو چکے ہیں، انکی حمایت میں پروگرام کرنے کے بجائے مغربی ممالک سے مختلف ناموں سے پیسے لاکر مختلف این جی اوز ہمارے کلچر کو برباد کرنے پہ تلی ہوئی ہیں۔ ہم حکومت گلگت بلتستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوراً اس قسم کے مخلوط پروگرام پر پابندی عائد کرے، ورنہ دمادم مست قلندر ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 1144412

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1144412/حکومت-نلتر-میں-مخلوط-میوزیکل-پروگرام-پر-فوری-پابندی-عائد-کرے-مولانا-عبد-السمیع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org