0
Friday 10 May 2024 22:24

محکمہ خوراک کے افسران نے بوریوں میں ناقص گندم اور مٹی بھر کر 3 ارب کا نقصان پہنچایا، رپورٹ

محکمہ خوراک کے افسران نے بوریوں میں ناقص گندم اور مٹی بھر کر 3 ارب کا نقصان پہنچایا، رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ میں 2022ء کے سیلاب کے بعد محکمہ خوراک کے افسران نے 3 لاکھ 79 ہزار بوریوں میں ناقص گندم اور مٹی ملا کر سرکاری خزانہ کو 3 ارب 22 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا، وزیراعلیٰ کی معائنہ ٹیم کی رپورٹ میں ذمہ داران افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گندم کے خراب ہونے سے متعلق وزیراعلیٰ کی معائنہ ٹیم نے 205 صفحات پر مشتمل رپورٹ چیف سیکریٹری سندھ کو پیش کر دی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2022ء کے سیلاب کے بعد محکمہ خوراک کے افسران نے 3 لاکھ 79 ہزار بوریوں میں ناقص گندم اور مٹی ملا کر سرکاری خزانے کو 3 ارب 22 کروڑ 20 لاکھ 28 ہزار 105روپے کا نقصان پہنچایا۔ رپورٹ میں صوبے بھر کے 14 اضلاع میں گندم کے گوداموں کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جامشورو میں 9 کروڑ 37 لاکھ، دادو میں 56 کروڑ 93 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا، گھوٹکی میں 4 کروڑ 81 لاکھ، سکھر میں ایک کروڑ 62 لاکھ روپے نقصان پہنچایا گیا۔
اسی طرح خیرپور میرس میں 16 کروڑ 44 لاکھ، کشمور میں 38 ، جیکب آباد میں 13 کروڑ 14 لاکھ، لاڑکانہ میں ایک کروڑ 50 لاکھ، قمبر شہدادکوٹ میں 38 کروڑ 63 لاکھ، نوشہروفیروز میں ایک کروڑ 98، سانگھڑ میں 91 لاکھ، بینظیر آباد میں 98 لاکھ اور ملیر میں ایک ارب 75 کروڑ 44 لاکھ روپے کا نقصان دیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں میں گندم کو محفوظ کرنے کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ فوڈ کی تھی، جبکہ گندم کو ذخیرہ کرنے کے انتظامات ناقص تھے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گندم کی بوریوں کا وزن پورا کرنے کیلئے ان میں مٹی بھر دی گئی اور بوریوں میں ناقص گندم ڈالی گئی، جبکہ گندم کو ڈھانپنے کیلئے ترپال بھی ناقص لئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ خوراک نے مانیٹرنگ کا نظام بہتر نہیں رکھا، رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ جن افسران نے گندم خراب کی ہے، ان کے خلاف مجرمانہ اقدام کے تحت کارروائی کی جائے اور مصنوعی اور جعلی نقصان ظاہر کرکے رقومات وصول کرنے والے افسران سے رقومات واپس لی جائیں۔ دوسری جانب وزیر خوراک سندھ جام خان شورو کا کہنا ہے کہ رپورٹ تاحال محکمے کو موصول نہیں ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1134155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش