اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار سلیم حیدر آج بطور گورنر پنجاب حلف اٹھائیں گے۔ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری حلف برداری میں شرکت کیلئے لاہور پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کے عمرہ کی ادائیگی کے باعث سعودی عرب میں ہونے کی وجہ سے حلف برداری تقریب دو بار ملتوی کی گئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے پی پی قیادت سے حلف برداری ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ سردار سلیم حیدر خان آج گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
حلف برداری کی تقریب شام 4 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ شہزاد خان نئے گورنر پنجاب سے حلف لیں گے۔ تقریب حلف برداری کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری آج لاہور پہنچیں گے اور نامزد گورنر سردار سلیم حیدر کی گورنر ہاؤس میں ہونیوالی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے، ایم این اے آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ سابق وزیر خارجہ 4 روز لاہور میں قیام کریں گے، اتوار کو الحمراء میں ہونیوالے سیمینار کے مہمان خصوصی ہوں گے۔