0
Thursday 9 May 2024 13:48

9 مئی، عمران خان کی گرفتاری پر شدید عوامی ردعمل اور جاری کریک ڈاون کا ایک سال مکمل

9 مئی، عمران خان کی گرفتاری پر شدید عوامی ردعمل اور جاری کریک ڈاون کا ایک سال مکمل
اسلام ٹائمز۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے امریکی ایما پر رجیم چینج میں مقامی مقتدر قوتوں کے ملوث ہونیکے بیانات اور عمران خان کیخلاف سیاسی بنیادوں پر قائم کیے متعدد مقدمات کے نتیجے میں رینجرز کے ہاتھوں احاطہ عدالت میں خلاف قانون گرفتاری کے بعد آنے والے شدید عوامی ردعمل کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ دوسری جانب 9 مئی 2023 کے شدید احتجاج کو دفاعی املاک، تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملوں کیساتھ مخلوط کر کے پاکستان تحریک انصاف کیخلاف کریک ڈاون کیا گیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاون اور مائنس عمران خان پالیسی رجیم چینج کا تسلسل ہے۔ اس حوالے سے 9 مئی کو ایک سال مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد اور پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور انتظامیہ نے کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا مظاہروں کے خلاف کارروائی سے خبردار کردیا گیا ہے، کیونکہ پی ٹی آئی نے تمام تر پرتشدد ہتھکنڈوں اور سیاسی و غیر سیاسی حربوں کے استعمال کے باوجود رجیمچینج کے متعلق اپنے موقف کو پورا سال کسی نہ کسی طرح زندہ رکھا ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت کو گرائے جانے کے بعد بنائے گئے مخالف اتحاد کی بنوائی گئی حکومت نے 9 مئی کے موقع پر وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے، جس میں پیپلز پارٹی، آئی پی پی، نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ ق کے اراکین بھی شریک ہوں گے، جب کہ وزیراعظم کنونشن سینٹر میں تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔ 9 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنان کے اندر موجود نامعلوم افراد نے فوجی تنصیبات اور سرکاری املاک پر حملے کیے، جس میں جناح ہاؤس لاہور اور ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ ملک میں 9 مئی کو ہونے والے شدید احتجاج کو شرپسندی کا نام دیا گیا اور اس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد کارکنان اور رہنماوں کو گرفتار کیا، جب کہ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت نظر بند بھی کیا گیا۔
 
خبر کا کوڈ : 1133827
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش