0
Thursday 9 May 2024 10:07

نظریاتی طور پر الحاق پاکستان کا داعی ہوں، انوارالحق

نظریاتی طور پر الحاق پاکستان کا داعی ہوں، انوارالحق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں اشرافیہ کو حاصل مراعات اب ریاست کے عام شہریوں کو حاصل ہوں گی۔ ریاست سے برادری ازم اور علاقائی ازم سے پاک معاشرے کا قیام اولین ترجیح ہے، جب انسان اصلاح اپنی ذات سے شروع کرے گا تبھی معاشرے کی فلاح ہو سکتی ہے۔ میرٹ سے ہٹ کر نہ تو کوئی کام ہوا ہے اور نہ ہی ہو گا، سوشل پروٹیکشن انڈوومنٹ فنڈ ایک خواب تھا جس سے آزاد کشمیر کے پسے ہوئے طبقات کو ان کی دہلیز پر مالی امداد فراہم کی جائے گی، آنے والے دنوں میں ریاست کے ہنرمند نوجوان بچوں اور بچیوں کو بلاسود قرضے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کوئی روزگار شروع کر سکیں۔ ایک سال میں عوام کے ٹیکسوں کے پیسے پر کھلواڑ بند کیا ہے، نظریاتی طور پر الحاق پاکستان کا داعی ہوں جو بھی اس نظریے سے ٹکرائے گا اس کے ساتھ ٹکراؤ ہو گا، پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن جھوٹے پروپیگنڈے سے کوئی خوفزدہ نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے گذشتہ روز وزیراعظم سیکرٹریت میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کے اسٹرکچر کو عام شہری کے لئے قابل نفرت نہیں بنانا بلکہ قابل قبول بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر ریاست کا بجٹ دو یا تین سال ریاست میں لگا دیں خوشحالی نظر آئے گی، اب عوام کی امیدیں جاگ چکی ہیں، نوجوان نسل کی امیدیں زندہ کر دی ہیں کوئی بھی نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے میں بچت کی ہے اور یہ بجٹ عوام پر خرچ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار وزراء کی گاڑیوں پر 500 لیٹر کی حد تک قدغن لگا دی ہے، ٹرانسپورٹ پالیسی لا رہے ہیں جس کے تحت سرکاری گاڑیوں میں چپ لگائیں گے جب بغیر ڈیوٹی کے کوہالہ سے پار جائیں گی تو بند ہو جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں آٹے، بجلی پر سب سے زیادہ سبسڈی دی جا رہی ہے، بجلی کے بل عوام کے  مطالبے پر جون 2022ء کے ریٹس پر فکس کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال میں کوئی گاڑی نہیں خریدی گئی، آزاد کشمیر بھر کی کالجز اور یونیورسٹیوں کی بچیوں کے لئے 28 بسیں فراہم کر رہے ہیں، سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک سسٹم سے 29 فیصد حاضری سے اب 90 فیصد حاضری ہے، ہسپتالوں میں ایمبولینسز فراہم کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 15 ارب روپے روڈ سیکٹر میں خرچ کر رہے ہیں اس میں 1600 کی بھی کرپشن ثابت کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ثبوت کے ساتھ خبر لگائیں اس پر کارروائی کروں گا، وزیراعظم کے دفتر اور ہاؤس کا خرچہ نصف کر دیا ہے، تمام صوابدیدی اختیارات ختم کر دیے ہیں، تمام صوابدیدی آسامیاں ختم کر دی ہیں، ای ٹینڈرنگ سے 3 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مافیاز ہر ہاتھ ڈالا ہے اب تو چیخیں نکلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ پر مبنی بیانیہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔
خبر کا کوڈ : 1133793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش