0
Tuesday 7 May 2024 09:19

اشرف صحرائی شہید کے یوم شہادت پر ویبنار کا انعقاد

اشرف صحرائی شہید کے یوم شہادت پر  ویبنار کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی کو ان کے تیسرے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور کشمیر میڈیا سروس نے مشترکہ طور پر ایک ویبنار کا انعقاد کیا۔تقریب کے مقررین نے شہید کشمیری رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی شہادت کو حراستی قتل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام نے نظربندی کے دوران ان کے علاج و معالجے کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید صحرائی نے نہ صرف اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا بلکہ اپنا بیٹا بھی اسی راہ میں قربان کیا۔ یوتھ فورم لندن کی شائستہ صفی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہید صحرائی کی شہادت کشمیریوں کے لیے مشعل راہ بنے گی اور بالآخر مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارتی جبر سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں حراستی قتل مہذب دنیا کے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

جمہوریہ چیک کی چارلس یونیورسٹی سے ڈاکٹر شازیہ انور نے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کی حقیقت سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لیے فریب کاری کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے جن کا جدید ٹیکنالوجی سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ حریت رہنما ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد میں اقوام متحدہ کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا۔ فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل امریکہ کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے یقین دلایا کہ کشمیری قوم اپنے شہداء اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے وائس چیئرمین عبدالحمید لون نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں شہید اشرف صحرائی کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کی بدولت بالآخر آزادی حاصل کرے گی۔ کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارت پر دبائو ڈالنے کے لیے یورپی ارکان پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے یورپی، برطانوی اور امریکی اراکین پارلیمنٹ سے تعاون پر زور دیا۔ شہید صحرائی کو خراج عقیدت پیش کرنے والے دیگر مقررین میں میرپور یونیورسٹی کی ڈاکٹر سائرہ فاروق شاہ، اردو یونیورسٹی اسلام آباد کی سائرہ کاظمی، حریت رہنما سید منظور احمد شاہ اور ہارون عباس شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 1133308
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش