اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی زیرصدارت منصورہ میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور کسانوں کے مطالبات کے حق میں احتجاج کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ نائب امرا اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ حکومت کسانوں سے گندم خریداری کے وعدہ پر ٹال مٹول اور چشم پوشی سے کام لے رہی ہے، حکمران سنجیدہ نہیں اور کسانوں سے کیے گئے وعدے اور اعلانات کو پورا نہیں کر رہے۔ مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی کے زیراہتمام تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کواٹرز میں احتجاجی کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا، وزیراعلی ہاوس کے گھیراو اور دھرنا کے معاملہ پر نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ حتمی تیاریوں سے متعلق امور طے کرے گی اور بعد میں امیر جماعت اس سلسلے میں اعلان کریں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں صدر جے آئی کسان سردار ظفر حسین، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راو ظفر شامل ہیں۔