0
Tuesday 30 Apr 2024 20:55

لیڈران اور امیدوار الیکشن کے دوران آئین اپنے ساتھ رکھیں، راہل گاندھی

لیڈران اور امیدوار الیکشن کے دوران آئین اپنے ساتھ رکھیں، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ انتخابی ماحول کے درمیان کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے پارٹی امیدواروں اور لیڈران سے خاص اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سبھی امیدوار اور لیڈر پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے لے کر تقریر کرنے اور لوگوں سے ملنے کے دوران اپنے اپنے ساتھ ملک کا آئین ضرور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرکے وہ ملک کے چھوٹے چھوٹے حصے تک یہ اعلان کردیں کہ جب تک کانگریس رہے گی، تب تک کوئی بھی طاقت ہندوستان سے اس کا آئین نہیں چھین سکتی ہے۔ جنوبی ہندوستان کے کیرلا میں وائناڈ سے پارلیمانی الیکشن کے موجودہ رکن پارلیمنٹ کی طرف سے اس سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ بھی کیا گیا۔ ایکس پر ان کے آفیشیل ہینڈل سے لکھا گیا کہ ہمارا آئین غریبوں کے لئے ایک اعزاز ہے، مظلوموں کا احترام اور ہر شہری کا احترام ہے۔ کانگریس کے تمام امیدواروں سے درخواست ہے کہ وہ پرچہ نامزدگی، انتخابی جلسوں، تقریروں اور ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران مقدس آئین کو اپنے ساتھ رکھیں اور یہ اعلان کردیں کہ جب تک کانگریس ہے، بی جے پی کیا، دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان سے اس کا آئین چھین نہیں سکتی۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ یہ آئین، جمہوریت اور ریزرویشن کو بچانے کا الیکشن ہے۔ چھتیس گڑھ کے بلاس پور میں پارٹی امیدوار کی حمایت میں انتخابی تشہیر کے دوران راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی پر زبردست حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی نظریے کی ہے۔ ایک طرف کانگریس پارٹی، انڈیا الائنس ہے تو دوسری طرف بی جے پی ہے۔ لوگ جان گئے ہیں کہ یہ آئین کا الیکشن، آئین کو بچانے کا الیکشن ہے۔ ہاتھ میں آئین لئے راہل گاندھی نے کہا تھا کہ یہ آئین صرف ایک کتاب نہیں ہے۔ یہ اس ملک میں غریبوں کو اختیار دیتا ہے۔ یہ غریبوں کی حفاظت کرتا ہے، انہیں پناہ دیتا ہے۔ ان کے مستقبل کی دیکھ بھال کرتا ہے اور ملک میں ان کے جینے کے طریقوں کی حفاظت کرتا ہے۔ بی جے پی چاہتی ہے کہ اسے پھاڑ کر پھینک دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1132194
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش