QR CodeQR Code

گوگل ملازمین کا فلسطین کے حق میں دھرنا، 28 کارکنوں کی برطرفی

18 Apr 2024 22:43

کمپیوٹر و سائبر سروسز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی عالمی کمپنی گوگل نے اسرائیل کیساتھ اپنے 1.2 بلین ڈالر کے معاہدے کیخلاف احتجاجی دھرنے میں حصہ لینے والے 28 ملازمین کو برطرف کر دیا ہے


اسلام ٹائمز۔ گوگل نے اپنے ان 28 ملازمین کو برطرف کر دیا ہے کہ جنہوں نے منگل کے روز نیویارک اور سنی ویل، کیلیفورنیا میں اس کمپنی کے دفاتر میں فلسطینی شہریوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔





تفصیلات کے مطابق ان ملازمین نے اسرائیل کے ساتھ کمپیوٹر و سائبر سروسز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی اس عالمی کمپنی کے کاروباری تعلقات کے خلاف احتجاج کے لئے 10 گھنٹے کے دھرنے میں حصہ لیا تھا۔

گذشتہ روز جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں گوگل کے ڈپٹی صدر عالمی سکیورٹی نے فلسطینی حامی ملازمین کی برطرف کی تصدیق کی ہے۔

ان مظاہرین نے منگل کے روز ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے نیویارک اور کیلیفورنیا کے دفاتر میں داخل ہو کر احتجاجی دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ جب تک کمپنی ایمیزون کے ہمراہ اسرائیل کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ سروسز اور ڈیٹا سینٹرز کی فراہمی پر مبنی اپنے 1.2 بلین ڈالر کے مشترکہ معاہدے سے دستبردار نہیں ہو جاتی وہ اپنا دھرنا جاری رکھیں گے۔

گوگل کے ملازمین نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ گوگل کے فلسطینی اور مسلمان ملازمین کو ہراساں کرنا، دھمکانا اور خاموش کروانا بھی بند کیا جائے۔

گزشتہ روز ان ملازمین نے امریکی پولیس کے ہاتھوں اپنی گرفتاری کی تصاویر لائیو شیئر کی تھیں۔

-


خبر کا کوڈ: 1129581

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1129581/گوگل-ملازمین-کا-فلسطین-کے-حق-میں-دھرنا-28-کارکنوں-کی-برطرفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org