QR CodeQR Code

جموں و کشمیر کو کھلی جیل بنا کر خیالات پر پہرہ بٹھا دیا گیا، محبوبہ مفتی

17 Apr 2024 11:04

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے وچھی میں ایک انتخابی ریلی کے بعد پی ڈی پی کی سبراہ نے کہا کہ کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کیا گیا ہے اور یہاں کوئی بات نہیں کر سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور کشمیر کی سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی یہاں پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔ اس موقع پر انہوں نے سرینگر کے بٹوارہ میں دریائے جہلم میں کشتی پلٹنے کے واقعے پر بھی اظہار افسوس کیا۔ جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلٰی نے منگل 16 اپریل کو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے وچھی میں ایک انتخابی ریلی کے بعد کہا کہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کیا گیا ہے اور یہاں کوئی بات نہیں کر سکتا ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ الیکشن کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی یہاں گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شرع ہوا ہے۔ کچھ دن پہلے شوپیاں میں ملی ٹنٹوں نے ایک غیر مقامی ٹورسٹ گائیڈ پر حملہ کیا تو اس کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں کو پکڑا گیا اور ان پر سیفٹی ایکٹ لگا دیا گیا۔ پی ڈی پی کی صدر نے کہا کہ یہاں کے ہزاروں کی تعداد میں نوجوان ملک کے مختلف جیلوں میں بند ہیں، یہاں بات کرنے پر پابندی ہے اور خیالات پر پہرہ بٹھا دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم نے الیکشن مہم شروع کی ہے کیونکہ شوپیاں اور پلوامہ کے لوگوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے زخم کی بات پارلیمنٹ میں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1129176

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1129176/جموں-کشمیر-کو-کھلی-جیل-بنا-کر-خیالات-پر-پہرہ-بٹھا-دیا-گیا-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org