QR CodeQR Code

پاکستان میں آل سعود کے دفاع میں ناکامی کے بعد مفتی محمد نعیم نے ایدھی کے خلاف محاذ قائم کر لیا

20 Apr 2011 22:16

اسلام ٹائمز: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے کہا کہ قادیانیوں کیلئے عبدالستار ایدھی کی دعا اور حمایت گمراہی اور شریعت و آئین کیخلاف ہے، عبدالستار ایدھی میڈیا پر آ کر اس معاملے اور قادیانیوں کیلئے کی جانے والی دعاؤوں اور اپنے نمائندے کے الفاظ پر اپنی پوزیشن واضح کرے ورنہ ان کو بھی دائرہ اسلام سے خارج اور مرتد سمجھا جائیگا


کراچی:اسلام ٹائمز۔ دیوبند مسلک سے تعلق رکھنے والے ملک کے نامور علماء اور مفتیان کرام نے کہا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی کی جانب سے قادیانی جماعت کیلئے دعاؤں اور ان کے کاموں کو اللہ تعالیٰ کی رضا کا سبب قرار دینے کو گمراہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایدھی 10ہزار پاؤنڈ کی خاطر اپنے ایمان کا سودا کرنے کے بجائے اللہ تعالی سے توبہ و استغفار کرے، برطانیہ میں قادیانی جماعت سے ایوارڈ وصولی کے وقت عبدالستار ایدھی کے نمائندے نے قادیانیوں کیلئے مسلم کا لفظ استعمال کیا، جو شریعت اسلامی کے ساتھ آئین پاکستان کی بھی خلاف ورزی ہے، قادیانیوں کو مسلمان سمجھنے والا بھی دائرہ اسلام سے خارج ہے، عبدالستار ایدھی میڈیا پر آ کر اس معاملے اور قادیانیوں کیلئے کی جانے والی دعاؤں اور اپنے نمائندے کے الفاظ پر اپنی پوزیشن واضح کرے ورنہ ان کو بھی دائرہ اسلام سے خارج اور مرتد سمجھا جائیگا۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے کہا کہ قادیانی اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام اور ختم نبوت پر حملہ آور ہیں جو کسی صورت قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ مسلمان ختم نبوت اور شان نبوت کے تحفظ کیلئے جان لے بھی سکتے ہیں اور اپنی جانوں کی قربانی دینے کیلئے بھی ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی 10 ہزار پاؤنڈ کی خاطر اپنے ایمان کا سواد نہ کرے ،اور میڈیا پر آ کر اپنے بیان اور ان کے نمائندے کی جانب سے قادیانیوں کے لئے "مسلم"کا لفظ استعمال کرنے کی وضاحت کریں بصورت دیگر عبدالستار ایدھی کے بارے میں مرتد اور دائرہ اسلام سے خارج کا فتویٰ جاری کر دیا جائیگا۔ درایں اثناء مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنماؤں مولانا محمد اعجاز، مولانا اسماعیل، مجلس احرار اسلام کے مولانا عبداللطیف خالد چیمہ نے بھی عبدالستار ایدھی کے حوالے سے انہی خیالات کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 66751

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/66751/پاکستان-میں-آل-سعود-کے-دفاع-ناکامی-بعد-مفتی-محمد-نعیم-نے-ایدھی-خلاف-محاذ-قائم-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org