QR CodeQR Code

پشاور میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام، 15 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا

10 Jan 2017 09:34

بم ڈسپوزل حکام کے مطابق سلنڈر میں 14 سے 15 کلو گرام بارودی مواد اور بال بیئرنگز نصب کئے گئے تھے۔ جسے ٹائم ڈیوائس سے منسلک کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے ایسے مقام پر بم رکھا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ نے تباہی کے بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے گیس سلنڈر میں نصب 15 کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا۔ دوسری جانب پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن بھی کیا، جس کے دوران متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لئے تھانہ منتقل کردیا۔ پیر کی صبح تھانہ حیات آباد پولیس کو اطلاع ملی کہ کارخانو مارکیٹ میں جی بی پلازہ کے قریب سڑک کنارے کافی دیر سے مشکوک ہتھ ریڑی کھڑی ہے، جس میں کیریٹ اور مالٹے وغیرہ پڑے ہیں۔ جس پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقہ کا محاصرہ کردیا اور کارخانو روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک اور عام آمدورفت کے لئے بند کرکے بی ڈی یو عملے کو طلب کرلیا۔ جنہوں نے ہتھ ریڑی میں مالٹوں کے نیچے چھپائے گئے گیس سلنڈر کو نکال کر اس میں بارودی مواد کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے واٹر چارج کے ذریعہ ناکارہ بنا دیا۔ بم ڈسپوزل حکام کے مطابق سلنڈر میں 14 سے 15 کلو گرام بارودی مواد اور بال بیئرنگز نصب کئے گئے تھے۔ جسے ٹائم ڈیوائس سے منسلک کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے ایسے مقام پر بم رکھا تھا، جہاں پر معمول کے مطابق شہریوں کی  آمدورفت بہت ذیادہ ہوتی ہے، اگر بم کو بروقت کارروائی کے دوران ناکارہ نہ بنایا جاتا تو اس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوسکتی  تھی۔


خبر کا کوڈ: 598732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/598732/پشاور-میں-تباہی-کا-بڑا-منصوبہ-ناکام-15-کلو-وزنی-بم-ناکارہ-بنا-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org