QR CodeQR Code

سانحہ خانپور، گرفتار مبینہ دہشتگرد ماسٹر نواز کو پولیس نے 19 جنوری کو سکول جاتے ہوئے گرفتار کیا، ورثاء

21 Mar 2012 01:06

اسلام ٹائمز:رحیم یار خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر نواز کے بھائیوں نے کہا کہ چھ سال قبل بھی دہشتگردی کے الزام میں نواز کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر باعزت بری کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ سانحہ خانپور کے الزام میں گرفتار مبینہ دہشت گرد ماسٹر نواز کو پولیس نے 19 جنوری کو سکول جاتے ہوئے حراست میں لیا تھا، ان کا کسی کالعدم تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، چھ سال قبل بھی دہشتگردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر باعزت بری کیا تھا، موجودہ دہشتگردی سے دور تک کا تعلق نہیں بلاوجہ ملوث کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گرفتار مبینہ دہشت گرد ماسٹر محمد نواز کے حقیقی بھائیوں حافظ شاہنواز، محمد ایوب، محمد یعقوب اور حافظ محمد نیاز نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ سانحہ خانپور میں ہونیوالی ہلاکتیں قابل افسوس ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، کوئی مسلمان اپنے ہی بھائیوں کے خلاف بربریت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ سکول ماسٹر جو آنیوالی نسل کیلئے باپ کا درجہ رکھتا ہے کو دہشت گردی جیسے بڑے الزام میں گرفتار کرکے پولیس اپنی کوتاہیوں کو چھپانا چاہتی ہے، ان کے بھائی کو 19 جنوری کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے بھائی گل محمد کے ہمراہ معمول کے فرائض کی انجام دہی کیلئے سکول جارہے تھے جبکہ پولیس نے ان کی گرفتاری کو تین روز قبل پاکستان چوک سے ظاہر کیا ہے جبکہ پاکستان چوک پر حقیقت معلوم کی جائے تو گذشتہ تین چار روز کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ماسٹر محمد نواز گذشتہ تین سالوں سے سکول میں اپنے فرائض سرانجام دے رہا تھا جس کا کسی تنظیم یا فرقے سے کوئی تعلق نہیں رہا، انہوں نے کہا کہ ماسٹر محمد نواز کو 28 مارچ 2006ء کو چوک بہادر پور کے نزدیک سے بس سے اتار کر حراست میں لیا گیا۔ اور بعد ازاں اسے 9 جون 2006ء کو ظاہر پیر کے علاقہ سے گرفتاری ظاہر کرکے اس کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور بم و خودکش جیکٹس برآمد کرنے کا دعویِ کیا تھا تاہم ماسٹر محمد نواز کو درج کئے جانیوالے دہشت گردی کے اس مقدمہ سے عدالت نے باعزت طور پر بری کیا تھا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس کا کسی کالعدم تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 147126

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/147126/سانحہ-خانپور-گرفتار-مبینہ-دہشتگرد-ماسٹر-نواز-کو-پولیس-نے-19-جنوری-سکول-جاتے-ہوئے-کیا-ورثاء

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org