QR CodeQR Code

پاکستان علاقائی وعالمی سطح پر امن کا خواہاں، سی پیک خطے میں گیم چینجر منصوبہ ہے، یوسف رضا گیلانی 

27 Apr 2024 23:01

 منہاج یونیورسٹی لاہور میں بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں جیواکنا مک پوزیشن کا حامل ملک ہے جو خطے میں سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ کے لیے اپنا بھرپور کردا ر ادا کر رہا ہے، دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی خدمات سب سے زیادہ ہیں، دنیا میں جہاں بھی قیام امن کی ضرورت ہوتی ہے اس سلسے میں پاکستان کی نمائندگی دیگر تمام ممالک سے زیادہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر پائیدار امن کا خواہاں ہے، سی پیک خطے میں گیم چینجز منصوبہ ہے، نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، علاقائی سیاحت کو  فروغ دے کر کثیر زرمبالہ پیدا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منہاج یونیورسٹی لاہور میں بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پائیدار امن کے بغیر ترقی کا خواب نہ ممکن ہے، پاکستان خطے میں امن، خوشحالی اور غربت کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، ہمارا ویژن خطے میں پائیدار امن کے لیے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر تمام سٹیک ہولڈز کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو  پرامن ماحول فراہم کیا جاسکے، پاکستان نے اس سلسلے میں امریکہ اور افغانستان کے درمیان تنازعات کے خاتمے اور امن کے لئے ڈائیلاگ کا آغاز کیا ہے، پاکستان خطے میں جیواکنامک پوزیشن کا حامل ملک ہے جو خطے میں سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ کے لیے اپنا بھرپور کردا ر ادا کر رہا ہے، دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی خدمات سب سے زیادہ ہیں، دنیا میں جہاں بھی قیام امن کی ضرورت ہوتی ہے اس سلسے میں پاکستان کی نمائندگی دیگر تمام ممالک سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، دنیا اب گلوبل ویلج بن چکی ا ور روایتی طریقے سے ہٹ کر جدت کی جانب گامزن ہے، تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ اس ملک کی جی ڈی پی زیادہ ہے جس کے ہمسایوں سے اور ریجنل تعلقات بہتر ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے  کہا کہ سی پیک منصوبہ  دوستی کی نشانی ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر منصوبہ ہے، سی پیک کے ذریعے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے عمل سے جوڑا جائے گا اور ملکی معیشت صنعتی انقلاب سے ہمکنار ہو گی، سی پیک کے ذریعے علاقائی ممالک کے درمیان تجارت، انفراسٹرکچر، انرجی میں تعاون کے فروغ سے مستقل قریب میں بہت زیادہ فائدہ اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کاسا 1000 منصوبہ خطے کے توانائی کے تعاون کا عزم میں ایک اہم قدم ہے، اس علاقائی منصوبہ کا مقصد تاجکستان اورکرغزستان سے افغانستان کے راستے پاکستان کو صاف توانائی فراہم کرنا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے میدان میں بہت  پوٹینشل موجود ہے، سیاحت کی انڈسٹری کو فروغ دے کر نہ صرف کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے بلکہ ملکی مثبت امیج کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جا سکتا ہے، حکومت سیاحت کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، سیاحت کے فروغ سے نہ صرف پاکستان میں رہنے والے افراد کو تفریح کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ دنیا بھر سے لوگ پاکستان کا رخ کریں گے جس سے سیاحت سے جڑے سیکٹرز کو فروغ ملے گا اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 1131603

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1131603/پاکستان-علاقائی-وعالمی-سطح-پر-امن-کا-خواہاں-سی-پیک-خطے-میں-گیم-چینجر-منصوبہ-ہے-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org