QR CodeQR Code

یورپ کو "موت" کا خطرہ لاحق ہے، ایمانوئل میکرون

27 Apr 2024 17:01

"یورپ کی موت" کے امکان پر سختی کیساتھ خبردار کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے اعلان کیا ہیکہ یہ براعظم ایک "نازک موڑ" پر آن پہنچا ہے لہذا دنیا بھر کے حریفوں سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات اٹھانا ہونگے


اسلام ٹائمز۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ یورپ کو "موت" کا شدید خطرہ لاحق ہے۔

پیرس کی سوربون یونیورسٹی (Sorbonne Université) میں خطاب کے دوران اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یورپ کو "موت" کا سخت خطرہ لاحق ہے، ایمانوئل میکرون نے کہا کہ یورپ ایک "نازک موڑ" پر آن پہنچا ہے اور اسے ان حریفوں کے خلاف مزید بھی کچھ کرنا چاہیئے کہ جو تیزی کے ساتھ اپنے اسلحہ جات کی تجدید کر رہے ہیں!
 
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی (AFP) کے مطابق فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ یورپ کے مرنے کا امکان "قوی" ہے کہ جو صرف اور صرف ہمارے انتخاب پر منحصر ہے!

ایمانوئل میکرون نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں کہ جب عالمی آزاد تجارت کے اصولوں کو اہم حریفوں نے چیلنج کر رکھا ہے، یورپ کو اقتصادی طور پر پیچھے رہ جانے کا بھی شدید خطرہ ہے لہذا اسے اپنے "نمو کے ماڈل" پر نظرثانی کرنی چاہیئے!

46 سالہ میکرون کہ جس کی دوسری و آخری صدارتی میعاد میں ابھی مزید 3 سال باقی ہیں، نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی دنیا میں کہ جہاں کھیل کے اصول اب بدل چکے ہیں، یورپ ان خطرات کے خلاف سرے سے مسلح ہی نہیں کہ جن کا اسے اب دنیا بھر میں سامنا ہے!

اپنی تقریر کے آخر میں فرانسیسی صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگلی دہائی کے دوران یورپ کے شدید کمزور ہو جانے اور یہانتک کہ اس کے "ٹوٹ" جانے کا بھی شدید خطرہ موجود ہے لہذا ہم یورپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایک اسٹریٹجک اقلیت سے اوپر آئے کیونکہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے کہ جس نے اُسے توانائی کے میدان میں روس جبکہ سلامتی کے میدان میں امریکہ پر بہت زیادہ انحصار کرنے پر مجبور کر رکھا ہے!!


خبر کا کوڈ: 1131514

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1131514/یورپ-کو-موت-کا-خطرہ-لاحق-ہے-ایمانوئل-میکرون

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org