QR CodeQR Code

چوہدری لطیف اکبر کی مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے آزادی پسندوں کی مسلسل خونریزی سے پیدا تشویشناک صورتحال کی مذمت

23 Apr 2024 08:23

کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قانون ساز اسمبلی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر پر کرہ ارض کے حل طلب پرانے مسائل میں مسئلہ کشمیر بھی ہے مگر اس ادارہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونا تاریخی سانحہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لطیف اکبر نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے آزادی پسندوں کی مسلسل ہونے والی خونریزی سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کی شدید مذمت کرتے ہوئے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر اقوام متحدہ اور بااثر ممالک نے مفادات کے تابع پالیسوں پر نظرثانی کرتے ہوئے دوہرا معیار ترک نہ کیا تو عالمی امن ریزہ ریزہ ہونے اور گلوبل ویلج کیلئے بامقصد پیش رفت قصہ پارینہ بن جائے گی۔ پاکستان عالم اسلام کا مضبوط قلعہ اور دنیا بھر میں باہمی احترام سے تعلقات کا خواہاں اور دہشتگردی کا مخالف، انسانیت کا محافظ ملک ہے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ، مصور پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ معمار پاکستان قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے روشن خیال، ترقی پسند فلسفہ سیاست کے مطابق پوری قوم کو سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے تمام نظریاتی فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر جمع ہونے کیلئے وقت و حالات صدائیں دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد اپنے چیمبر میں عوامی وفود سے ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

انھوں نے کہا کہ عالمی قوتوں کو آزادی اور علیحدگی کی تحریکوں میں دوٹوک مؤقف اختیار کرنا پڑے گا، اقوام متحدہ کے چارٹر پر کرہ ارض کے حل طلب پرانے مسائل میں مسئلہ کشمیر بھی ہے مگر اس ادارہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونا تاریخی سانحہ ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو دونوں کے کام، سوچ و فکر جارحانہ اور شدت پسندی سے تعبیر ہے اسی وجہ سے بھارت اور اسرائیل نہ تو عالمی قوانین کو خاطر میں لاتے ہیں نہ معاہدوں کی پاسداری کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1130487

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1130487/چوہدری-لطیف-اکبر-کی-مقبوضہ-کشمیر-اور-فلسطین-میں-نہتے-ا-زادی-پسندوں-مسلسل-خونریزی-سے-پیدا-تشویشناک-صورتحال-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org