لاہور، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات
20 Apr 2024 19:22
گورنر گلگت بلتستان سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی حُسن سے مالا مال ہے، سیاحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے مسلم لیگ ق اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گی، انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ ق سے وابستہ وزراء، اسمبلی ممبران و سینیٹرز گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے لئے ہر فورم پر بھرپور ترجمانی کریں گے۔
اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے لاہور میں صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین بھی موجود تھے۔ گورنر گلگت بلتستان نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی طبیعت دریافت کی اور گلگت بلتستان آنے کی دعوت دی۔ دونوں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت گلگت بلتستان کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر گلگت بلتستان نے قومی اسمبلی، سینیٹ سمیت اہم پلیٹ فارمز پر گلگت بلتستان کی نمائندگی اور آئینی حقوق کے معاملے پر مسلم لیگ ق کے صدر و ممبران کی گلگت بلتستان کے ساتھ مکمل حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ: 1129971