QR CodeQR Code

میں دہلی کا وزیراعلٰی ہوں کوئی دہشتگرد نہیں ہوں، جیل سے اروند کیجریوال کا پیغام

17 Apr 2024 09:08

عام آدمی پارٹی کے سینیئر لیڈر نے کہا کہ مودی کا دماغ اروند کجریوال کی 24 گھنٹے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ پر کام کر رہا ہے اور ہراساں کرنے اور انکے حوصلے کو توڑنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ وزیراعلٰی اروند کجریوال کے ساتھ جیل میں دہشتگرد جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور اس سے مایوس ہو کر انہوں نے ملک کے عوام کو پیغام دیا کہ وہ دہشتگرد نہیں ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے سینیئر لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ اروند کجریوال نے دہلی اور ملک کے لوگوں کے لئے بیٹے اور بھائی کی طرح کام کیا ہے۔ انہوں نے عوام کو پیغام دیا ہے کہ میرا نام اروند کجریوال ہے اور میں دہشت گرد نہیں ہوں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم مودی اپنی بد نیتی اور نفرت میں اس حد تک آگے بڑھ گئے ہیں کہ وہ درمیان میں شیشے کی دیوار کھڑی کر کے اپنے خاندان اور اپنی اہلیہ کو وزیراعلٰی سے ملنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلٰی بھگونت مان کو زیڈ زمرہ کی سیکورٹی حاصل ہے، اس کے باوجود درمیان میں شیشے کی دیوار کھڑی کر کے مان کی اروند کجریوال سے جیل میں ملاقات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس کارروائی سے بی جے پی اور نریندر مودی نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ ان کے دل اروند کجریوال کے تئیں نفرت، بیمار خواہش اور انتقام کے جذبات سے بھرے ہوئے ہیں۔ سنجے  سنگھ نے کہا کہ مودی اپنے ہی ملک میں ایک منتخب وزیراعلٰی کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا دماغ اروند کجریوال کی 24 گھنٹے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ پر کام کر رہا ہے اور ہراساں کرنے اور ان کے حوصلے کو توڑنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ اروند کجریوال اور ان کے خاندان کے ساتھ ساتھ پارٹی لیڈروں کی توہین کرکے ان کے حوصلے توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ مودی کو بتادیں کہ یہ اروند کجریوال ہیں، اگر آپ انہیں توڑنے کی کوشش کریں گے تو کجریوال اور مضبوط ہو جائیں گے اور آپ کے خلاف مزید شدت سے لڑیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1129177

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1129177/میں-دہلی-کا-وزیراعل-ی-ہوں-کوئی-دہشتگرد-نہیں-جیل-سے-اروند-کیجریوال-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org